لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے جو روٹ نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 28 واں رن مکمل کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں اور انگلینڈ کے پہلے بیٹر ہیں، جو روٹ نے نہ صرف یہ سنگ میل عبور کیا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے، انہوں نے یہ کارنامہ 153 ویں ٹیسٹ میچ میں سرانجام دیا۔
اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے سابق کرکٹ جیک کیلس کے پاس تھا جنہوں نے 159 ٹیسٹ میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، اس کے علاوہ راہول ڈریوڈ نے 160، رکی پونٹنگ نے 162 اور سچن ٹنڈولکر نے 163 ٹیسٹ میچز میں 13 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 200 میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے۔