لاہور: (دنیا نیوز) بنگلا دیش نے 13 سال بعد پاکستان کے خلاف نئی تاریخ رقم کر دی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں اتوار کے روز کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف اپنی ٹی 20 تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
لٹن داس کی قیادت میں بنگلا دیشی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز سکور کیے، یہ پاکستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں بنگلا دیش کا سب سے بڑا مجموعی سکور ہے، اس سے قبل بنگلا دیش نے 2012 میں پالی کیلے میں 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے۔
تیسرے میچ میں بنگلا دیش کی جانب سے پرویز حسین نے 66 جبکہ تنزید حسن نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
تاہم اس یادگار سکور کے باوجود بنگلا دیش کو فتح نہ مل سکی، پاکستان نے 197 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
میچ کے ہیرو محمد حارث رہے جنہوں نے شاندار 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ان کا ساتھ محمد رضوان نے 45 رنز بنا کر دیا۔