دوسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 11 August,2025 12:56 am

ٹرینیڈاڈ: (دنیا نیوز) دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، ویسٹ انڈیز نے سیریز1-1 سے برابر کر دی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت پر پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم پہلے جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور صائم ایوب 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسری وکٹ بابر اعظم کی گری جو بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

16 اوورز کا میچ مکمل ہونے پر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو تقریباً ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا، بارش ختم ہونے پر اوورز میں بغیر کسی ردوبدل کے میچ کو دوبارہ شروع کردیا گیا، پاکستان کی تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 26 رنز بناکر چلتے بنے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 16، حسین طلعت 31 اور سلمان آغا نے 9 رنز کی اننگز کھیلی، 33.5 اوورز میں جب پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے تو بارش نے دوبارہ انٹری مار دی جس کے باعث میچ کو ایک بار پھر روک دیا گیا۔

 میچ کو بارش کے باعث تین بار روکا گیا تھا، پاکستان نے دوسرا ون ڈے جیتنے کیلئے ویسٹ انڈیز کو35 اوورز میں 181 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے7 وکٹوں کے نقصان پر171 رنز بنائے، بارش کے باعث میچ 35 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز نے 181رنز کا ہدف 35 اوورز میں حاصل کرنا تھا، ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے شرفین ردر فوریڈ 45، شائے ہوپ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کیسی کارٹی16،ایون لوئس7اور برینڈن کنگ ایک رن بنا کر چلتے بنے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے میچ وننگ اننگز کھیلی، روسٹن چیز 49 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی اور محمد نواز نے2،2 ،ابراراحمد نے ایک وکٹ حاصل کی، سیریز کا فیصلہ کن میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔