پاکستان کو 202 رنز سے شکست، ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی

Published On 13 August,2025 01:05 am

ٹرینیڈاڈ: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں عبرتناک شکست دیدی، تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو202رنز سے شکست ہوئی، میزبان ٹیم نے 1-2 سے سیریز اپنے نام کی۔

ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ون ڈے سیزیز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میزبان ٹیم کے کپتان شائے ہوپ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 294 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جسٹن گریوز کا بھی بلے سے لاٹھی چارج ،24 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔

نسیم شاہ، ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح فلاپ ہوگئی اور 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور کپتان محمد رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم بھی صرف 9رنز بنا سکے، سلمان علی آغا نے 30 اور حسن نوازنے 13رنز بنائے، سلمان علی آغا30 اور محمد نواز 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لیکر پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیئے، گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی، شائے ہوپ میچ کے بہترین کھلاڑی اور جیڈن سیلز سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔