ایشیا کپ: بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

Published On 11 September,2025 07:06 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ 2025 کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

بنگلادیش نے 144 رنز کے ہدف18 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان لٹن داس 59 رنز کیساتھ نمایاں رہے، پرویز حسین نے 19، تنزید حسن نے 14 رنزبنائے جبکہ توحید ہریدوے 34 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

قبل ازیں ابوظہبی کے زید انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے میچ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر ہانگ کانگ کے کپتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان 42 رنز کیساتھ نمایاں رہے، ذیشان علی نے 30 اور یاسیم مرتضیٰ نے 28 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد، ریشاد حسین اور تنظیم حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں ہانگ کانگ کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے، ہانگ کانگ کو  پہلے گروپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں 94 رنز سے شکست ہوئی تھی۔