ابوظہبی :(دنیا نیوز) ٹی 20 ایشیا کپ کے 5ویں میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو بآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ ابوظہبی کے زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ، بنگلا دیش نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 139رنز بنائے۔
میچ کے دوران بنگلا دیش کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے محتاط مگر مستحکم اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جاکر علی نے 34 گیندوں پر 41 رنز سکور کیے، جس میں 2 چوکے شامل تھے، دوسرے اینڈ پر شمیم حسین نے بھی 34 گیندوں پر 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
جب کہ بنگلا دیش کی جانب سے کپتان لٹن داس نے 28، توحید ہرے دوئے نے 8 اور مہندی حسن نے 9رنز بنائے۔
سری لنکا کے فاسٹ باؤلر دشمنتھا چمیرا سب سے کامیاب رہے، اُنہوں نے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں14.4اوورز میں 140 رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا، سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا50اور کامل مشرا46رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔