ڈھاکا یونیورسٹی انتخابات میں پاکستان کے حامی طلبا گروپ کی کامیابی

Published On 11 September,2025 11:47 am

ڈھاکا: (دنیا نیوز) ڈھاکا یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں پاکستان حامی طلبہ تنظیم اسلامی چھاترا شِبیر نے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔

بنگلا دیشی اخبار پروتھم الو کے مطابق نائب صدر، جنرل سیکریٹری اور اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری کی نشستیں شِبیر کے امیدواروں نے جیت لیں۔

انتخابات میں ابو شادک قیوم نے 14,042 ووٹ لے کر نائب صدر کی نشست اپنے نام کی، ایس ایم فرہاد نے 10,794 ووٹ حاصل کر کے جنرل سیکریٹری کا منصب سنبھالا، جبکہ محی الدین خان نے 11,772 ووٹوں کے ساتھ اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری کی پوزیشن جیت لی۔

رپورٹ کے مطابق 78 فیصد سے زائد طلبہ نے ووٹ ڈال کر انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا۔

چیف ریٹرننگ آفیسر پروفیسر محمد زشیم الدین نے انتخابی عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈھاکا یونیورسٹی کے انتخابات ایک ماڈل ہیں جنہیں دیگر جامعات بھی اپنا سکتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ نتائج نہ صرف بنگلا دیش میں نئی سیاسی فضا کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ بھارت کے منفی بیانیے کے لیے بھی ایک بڑا جھٹکا ہے۔