وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کا اعلامیہ جاری

Published On 25 August,2025 12:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے 23 اور 24 اگست کو ڈھاکہ کا دورہ کیا، یہ سرکاری دورہ بنگلہ دیش کی حکومت کی دعوت پر کیا گیا، کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا تقریباً 13 سال بعد بنگلہ دیش کا پہلا دورہ تھا، اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات کی۔

ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش محمد یونس سے ملاقات کی، اسحاق ڈار نے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین کے ساتھ بھی ملاقات کی، اقتصادی اور تجارت سے متعلق سینئر حکام کی موجودگی میں اسحاق ڈار نے مشیر تجارت بنگلہ دیش سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی نیشنلسٹ پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں، دورے میں متعدد معاہدوں، مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے، سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لئے ویزا کے خاتمے کے معاہدہ پر دستخط ہوئے۔

ترجمان کے مطابق تجارت پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی اور بنگلہ دیش کی فارن سروس اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت دستخط ہوئے، اے پی پی اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت دستخط ہوئے، ثقافتی تبادلہ پروگرام پر بھی دستخط کئے گئے۔