لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں ہونے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دیدی۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا، پاکستان نے ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو بھی آگاہ کردیا۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھا ہے جبکہ ایشیا کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھی معاملے پر افسوس کا اظہار کیا، ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف اقدامات کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹ توفیق عمر نے کہا کہ بھارتی ٹیم اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرے، بھارت نے کرکٹ کے میدان میں بھی بہت گھٹیا حرکت کی، بھارتی کرکٹ ٹیم کے اقدامات سے کرکٹ کونقصان ہورہا ہے۔
کرکٹر محمد عرفان نے کہا کہ بھارت کرکٹ ٹیم سیاست کو کھیل میں نہ لائے، کھیل کے میدان میں ایسی گھٹیا حرکت نہیں ہونی چاہئے، آئی سی سی کو اس اقدام پر ایکشن لینا چاہئے، پاکستان کو مضبوط مؤقف اپنانے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے شدید تنقید کی تھی۔