ریفری کیخلاف دیر سے کیوں ایکشن لیا؟ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ معطل

Published On 15 September,2025 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے رویے پر ردعمل دینے میں تاخیر پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو گزشہ روز بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال پر آئی سی سی کو خط دیر سے لکھنے پر برطرف کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان واہلہ کو ایشیا کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم اور میچ ریفری کے حوالے سے ردعمل دینے میں تاخیر پر معطل کیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں لکھا کہ میرے لیے پاکستان کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد سخت مؤقف اپناتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر نہ ہٹایا گیا تو پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے مزید میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔

پی سی بی کا آئی سی سی اور ایم سی سی کو خط
آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپرٹ آف دی گیم کو بار بار دہرایا لیکن میچ ریفری نے اپنی ذمےداریوں کو نہیں نبھایا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی اور سپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، میچ ریفری کا کنڈکٹ سپرٹ آف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے، پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے۔