ایشیا کپ : سپر فور مرحلے کا پہلا میچ، سری لنکا کا بنگلا دیش کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف

Published On 20 September,2025 07:07 pm

دبئی :(دنیا نیوز) ایشیا کپ ٹی20 کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو جت کیلئے ہدف دے دیا۔

دبئی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے جیت کیلئے بنگلا دیش کو 169رنز کا ٹارگٹ دے دیا، سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقرر 20اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر168رنز بنائے۔

سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے،کُسل مینڈس نے 34 اور پاتھم نسانکا نے 22 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مہدی حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

قبل ازیں بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیتنے کے بعد اپنی گفتگو میں کہا کہ اس پچ پر اس سے قبل میچ میں دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم جیتی تھی، میں بھی وکٹ کے بارے میں کچھ کنفیوز ہوں، اسی لیے ہم نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ہم سب بہت پرجوش ہیں، تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں، ہماری ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا کے کپتان چریتھ اسلنکا کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتا تو میں بھی یہی فیصلہ کرتا، پچ خشک ہے اور پرانی استعمال شدہ ہے، لیکن ہمیں بیٹنگ پہلے ملنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، خوشی ہے کہ کئی نوجوان کھلاڑی ٹیم میں آ کر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں، ہم اسی الیون کے ساتھ میدان میں اُتر رہے ہیں۔

یاد رہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاک بھارت بڑا ٹاکرا 21 ستمبر کو دبئی میں ہوگا، جس کے لیے اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری مقرر کیے گئے ہیں، شائقین کی نظریں اس بات پر بھی ہیں کہ کیا اس بار دونوں کپتان ٹاس کے وقت مصافحہ کریں گے یا نہیں۔