بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ 2025 اپنے نام کرلیا

Published On 28 September,2025 07:02 pm

دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کے فائنل اور تاریخی ٹاکرے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر نویں بار ایشیا کپ 2025 اپنے نام کرلیا۔

بھارت نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 147 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تلک ورما 69 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے اوپنر بیٹر ابھیشک شرما 5 اور شبمن گل 10 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر فہیم اشرف کا شکار بنے، کپتان سوریا کمار یادو کو ایک رن پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ سنجو سیمسن کیچ ڈراپ ہونے کے باوجود 24 رنز پر ابرار احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، شیوَم دوبے 33 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہونیوالے پاک بھارت مقابلے میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے میچ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 57 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے جن میں سے 3 کھلاڑی بغیر کھاتے کھولے پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کا دوسرا نقصان صائم ایوب کی صورت میں ہوا جب وہ 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز محمد حارث بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

اوپنر بلے باز فخر زمان 35 گیندوں پر 46 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 2 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے، حسین طلعت ایک رن جبکہ کپتان سلمان علی آغا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، حارث رؤف 6 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے جبکہ محمد نواز 9 گیندوں پر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔