دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ بھارت کے خلاف میچ کے آخری اوورز میں اچھا نہیں کھیل سکے۔
ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے ہم بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ نہیں کھیل رہے، بطور ٹیم اچھا کھیلے اور انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے، بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، یہی ٹیم آگے جا کر جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے ٹرافی نہیں لی تو کیسے دی جائے گی؟ بھارت کی جانب سے ایسا کرنا کھیل کی توہین ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو جو ہدایات ملتی ہیں وہ اسی کو فالو کرتے ہیں، میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا، ٹورنامنٹ میں جو کچھ ہوا وہ کافی مایوس کن تھا، ہاتھ نہ ملانا کرکٹ کی توہین ہے۔
قومی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ نہیں معلوم یہ کہاں جا کر رکے گا، امید ہے دیگرٹیمیں مستقبل میں ایک دوسرے کےساتھ ایسا نہیں کریں گی۔
سلمان علی آغا نے فائنل کی میچ فیس بھارتی حملے میں نشانہ بننے والے پاکستانی خاندانوں کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر میں کبھی نہیں دیکھا کہ ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو نہ دی گئی ہو، بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ٹرافی نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرافی سے متعلق ہمیں کسی نے نہیں بولا بلکہ یہ فیصلہ ہم نے گراؤنڈ میں کیا، چیمپئنز کا بورڈ آیا واپس چلا گیا وہ بھی دیکھا۔
پریس کانفرنس میں موجود ابھیشیک شرما نے کہا کہ ہم نے ایشیا کپ کی ٹرافی کو محسوس کر لیا ہے۔