پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دیدی

Published On 11 November,2025 07:01 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 6 رنز سے شکست دیکر تین میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے ملنے والے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے وانندو ہاسارنگا 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، سدیرا سمارا وکرما 39، کامل مشارا 38، کپتان کیرتھ اسالنکا 32 جبکہ پینتھم نیسانکا 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

سری لنکا کے بیٹر جینتھ لیانیج 28، کمینڈو مینڈس 9، دشمانتھا چیمرا 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مہیش تھشکانا نے 21 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چارکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے فیلڈنگ کی دعوت ملنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان نے کیا، تاہم مجموعی سکور جب 14 رنز تھا تو صائم ایوب صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

صائم ایوب کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے اور فخر زمان کے ساتھ 54 رنز کی شراکت قائم کی، مگر 68 کے مجموعی سکور پر فخر زمان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم کے ساتھ اگلے بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد سلمان آغا نے بابر اعظم کا ساتھ دیا، تاہم بابر اعظم 29 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کی ٹیم اس وقت مشکل میں تھی کیونکہ 95 رنز پر اس کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگ کو سہارا دیا۔

سلمان آغا نے شاندار 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 62 رنز کا عمدہ اضافہ کیا اور محمد نواز 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ مہیش تھکشنا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی سکواڈ

شاہین آفریدی (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، حارث رؤف، نسیم شاہ۔

سری لنکن سکواڈ

پاتھم نسانکا، کامل مشارا، کوشال مینڈس، سدیرا سماراوکرما، کیرتھ اسالنکا، جینتھ لیانیج، کمینڈو مینڈس، وانندو ہاسارنگا، مہیش تھکشنا، دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو۔