دوحہ: (دنیا نیوز) ایشیا کپ رائزنگ سٹار کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے اپنے اوورز مکمل کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 153 رنز بنائے، یوں سری لنکا اے کے لیے فتح کا ہدف 154 رنز مقرر ہوا۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے غازی غوری 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ معاذ صداقت نے 23 رنز کا اضافہ کیا۔
سعد مسعود اور احمد دانیال نے یکساں طور پر 22، 22 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دیا، محمد نعیم نے بھی 16 رنز کی مفید اننگز کھیلی جبکہ محمد فائق اور شاہد عزیز نے 7، 7 رنز جوڑے۔
سری لنکا اے کی بولنگ میں پرمود مدوشن سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور ٹریوین میتھیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 20۔اوورز میں 9کھلاڑیوں کے نقصان پر 148رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان شاہینز نے مجموعی طور پر پُرسکون اور متوازن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، میچ میں بیٹرز نے عمدہ شراکتیں قائم کیں اور وکٹ بچا کر سکور بڑھانے کی حکمت عملی اپنائی۔
کپتان اور کوچ نے کہا کہ ٹیم نے منصوبہ بندی کے مطابق کھیل پیش کیا، جبکہ فیلڈرز کے درمیان بہتر رابطے نے ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط بنائی۔
واضح رہے فائنل میں 23 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا۔



