ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ: پرتھ گراؤنڈ میں پہلے دن سب سے زیادہ وکٹیں گرنے کا ریکارڈ قائم

Published On 21 November,2025 10:22 pm

پرتھ: (ویب ڈیسک) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ’جنگ‘ کی حیثیت رکھنے والی ایشز سیریز شروع ہوگئی، پرتھ میں ٹیسٹ کا پہلا دن بولرز کے نام رہا، ایک دن میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں گر گئیں۔

ایشز سیریز کا آغا پرتھ ٹیسٹ سے ہوا ہے جس میں مہمان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی مگر اُن کے بیٹرز مچل اسٹارک کی شاندار بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 52، اولی پاپ نے 46 اور جیمی اسمتھ نے 33رنز بنائے جب کہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 58 رنز کے عوض کیریئر بیسٹ7 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ برینڈن ڈوگیٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم بھی مشکلا ت کا شکار رہی جس نے پہلے دن کے اختتام تک 9وکٹ پر 123 رنز بنائے اور اُسے انگلش ٹیم کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 49رنز کی ضرورت ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس کیری نے 26، کیمرون گرین نے 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 21رنز بنائے۔

انگلش ٹیم کے کپتان آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے صرف 23رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر اور برائیڈن کارز نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،یوں پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز مجموعی طور پر 19 وکٹیں گریں،ایشز سیریز میں 116 سال بعد ایسا ہوا ہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 19 وکٹیں گری ہوں۔

کرک انفو کے مطابق 1909 میں ایشز سیریز کے اولڈ ٹریفوڈ ٹیسٹ کے پہلے دن 20 وکٹیں گری تھی،اس کے بعد اب 2025 میں ایشز کے پرتھ ٹیسٹ میں 19 وکٹیں گری ہیں۔