برسبین: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کو تشویشناک حالت کے باعث برسبین کے ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈیمین مارٹن 2003 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے، انہیں گردن توڑ بخار کا بتایا گیا ہے اور وہ اس وقت کوما کی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
54 سالہ ڈیمین مارٹن کرسمس ڈے کے موقع پر شدید بیمار ہونے کی وجہ سے گر پڑے تھے، کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز نے ڈیمین مارٹن کے اچانک بیمار ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا ٹوڈ گرین برگ کا کہنا ہے کہ ڈیمین مارٹن کی بیماری کا سن کر افسوس ہوا ہے، جبکہ سابق وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ نے کہا ہے کہ برسبین کے ہسپتال میں ڈیمین مارٹن کا بہترین علاج جاری ہے۔
یاد رہے کہ ڈیمین مارٹن نے 67 ٹیسٹ، 208 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے۔



