تین سگے بہن بھائیوں کے قتل کی واردات تھانہ ہئیر کے علاقے بیدیاں روڈ کے گھر میں پیش آئی جہاں تینوں معصوم اپنی ماں کے ساتھ رہتے تھے۔ 4 سالہ ابراہیم، 6 سالہ فاطمہ اور 10 سالہ زین کے والد نے کچھ عرصہ قبل ان کی ماں انیقہ کو طلاق دے دی تھی۔ پولیس کے مطابق تینوں پھول جیسے بچوں کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا ہے جبکہ مقتولین کی ماں کے ہاتھوں پر بھی گہرے زخموں کے نشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق بچوں کی ماں بظاہر نشے کی عادی لگتی ہے جبکہ اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی گاڑی بھی رات کو حادثے کا شکار ہوئی۔ پولیس کے مطابق بچوں کی ماں کے بیان میں بھی تضادات پائے گئے ہیں جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ بلال کے مطابق تمام پہلوں پر تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ مقتولین کی والدہ کے موبائل کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاشیں قبضہ میں لے کر مردہ خانے بھیجوا دی ہیں۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔