موسیٰ خیل: (دنیا نیوز) موسیٰ خیل میں پسند کی شادی کے معاملے پر جرگے نے پسند کی شادی کرنیوالے نوجوان کی بہن اور بھتیجی ونی کر دی۔
موسیٰ خیل کی تحصیل توئی سر میں لیویز نے کارروائی کر کے ونی کی گئی دونوں بچیاں بازیاب کرا لیں جبکہ ملزمان اور جرگہ اراکین موقع سے فرار ہو گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ نوجوان قسمت خان نے ایک سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔
یہ باتیں ڈپٹی کمشنر اسمٰعیل ابراہیم نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل ایک شادی شدہ خاتون اپنے گاؤں کے ایک نوجوان کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی۔ ایک ہفتہ قبل ایک جرگے میں خاتون کو بھگانے والے نوجوان کی پانچ سالہ بہن اور چار سالہ بھتیجی کو بدلے میں ونی کرنے اور مبلغ 15 لاکھ کی ادائیگی پر فیصلہ کیا گیا۔
لیویز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی جس میں بکریوں کے کمرے میں تین روز سے بند کی گئی دونوں بچیاں برآمد کی گئیں۔ تاہم جرگہ اراکین اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ قبائلی جرگوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں مگر وہ فیصلے قابل قبول نہیں جس میں انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔ انہوں نے عزم ظاہر کی کہ جرگہ اراکین اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔