لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اپنی بیوی کی نازیبا وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے پنجاب پولیس کے ایس پی جنید ارشد کو انتہائی مطلوب اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ ایف آئی اے ایک سال گزرنے کے باوجود اس ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے ۔ جنید ارشد بیوی کو بدکردار ثابت کرنے کے لیے ان کے اہل خانہ کو نازیبا وڈیو بھیجتا تھا۔
جنید ارشد کی بیگم نے اپنے خلاف ہونے والی اس نا زیبا حرکت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دی تھی۔ایف آئی اے کو دوران تفتیش معلوم ہوا کہ اس سارے معاملے میں جنید ارشد ہی ملوث ہے، ایف آئی اے نے ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر جنید ارشد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ عدالت سے ان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد ملزم عدالت سے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ دوران تفتیش یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب پولیس کے معطل ایس ایس پی جنید ارشد کی بیوی نے اسے دوسری شادی کی اجازت نہیں دی تھی جس پر اس نے بیوی کو بدچلن ثابت کرنے کے لیے اپنے دوست کی مدد سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا، اس فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے وہ بیوی کی نازیبا تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا اور اسے بیوی کے گھر والوں کو بھجواتا تھا۔