میاں چنوں: تھپڑوں کی کبڈی طالبعلم کی جان لے گئی، ہیڈ ماسٹر لا تعلق

Last Updated On 14 April,2018 06:26 pm

بے ہوش طالب علم کو ہسپتال قریب ہونے کے باوجود نہ پہنچایا گیا، ریسکیو ٹیم بھی آدھا گھنٹہ تاخیر سے پہنچی

میاں چنوں: (دنیا نیوز) سرکاری سکول میں بچوں کا کھیل طالب علم کی جان لے گیا، تماشائیوں میں اساتذہ بھی شامل تھے اسکے باوجود بے ہوش بلال کو ہسپتال نہ پہنچایا، میاں چنوں کا رہائشی طالب علم تھپڑوں کی کبڈی میں جان کی بازی ہار گیا۔

میاں چنوں میں خانیوال گورنمنٹ ہائی ا سکول 115 پندرہ ایل میں 4 اپریل کو بریک کے دوران چھٹی جماعت کے بلال ولد ریاض اور عامر ولد شیر محمد نے تھپڑوں والی کبڈی کا انتخاب کر لیا۔ مقابلہ شروع ہوتے ہی دونوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں کی بارش کر دی، جسمانی طور پر کمزور بلال عامر کے پے در پے تھپڑ برداشت نہ کر سکا، نیچے گرکے بے ہوش ہوا لیکن کوئی مدد کو نہ آیا۔

ہیڈ ماسٹر سارے معاملے سے لا تعلق رہا، پولیس کو اطلاع دی نہ بلا ل کو ہسپتال پہنچایا، ریسکیو ٹیم بھی آدھا گھنٹہ تاخیر سے پہنچی جس کے باعث بلال جان کی بازی ہار گیا، 45 منٹ بعد بلال کی لاش گھر بھیج دی گئی۔