کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کسٹمز نے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے پروٹوکول کی آڑ میں بھارتی اشیا کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
خفیہ اطلاع ملنے پر پاکستان کسٹمزنے جمعرات کی سہ پہر بھارت سے آنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کے مسافروں کی جانچ پڑتال سخت کردی تھی لیکن حیرت انگیز طور پرپروٹوکول کی آڑ میں زائد شرح ڈیوٹی وٹیکسوں کی حامل بھارتی اشیا جن میں کپڑے، پرفیوم، کاسمیٹکس، لیڈیز ہینڈ بیگز، میڈیکل ایکویپمنٹس، جیولری اور آٹو پارٹس شامل تھے کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
یہ اشیا 3 بھارتی مسافروں سے بازیاب ہوئیں جن کی مالیت 80 لاکھ روپے سے زائد ہے جنہیں کسٹمز حکام نے ضبط کرلیا ہے، کسٹمز حکام بھارتی مسافروں سلمہ بیگم، رحمت اورعیدالحسن سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ مذکورہ بھارتی مسافروں نے پروٹوکول کی آڑ میں ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں قومی خزانے کو45 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کسٹمزواہگہ کلکٹریٹ نے مقدمہ درج کرنے اور مزید کارروائی کیلیے سمری متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کردی ہے۔