کراچی: (دنیا نیوز) سٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کے بعد جیب کتری بھی عروج پر پہنچ گئی۔ عید کی تیاری کے لئے مارکیٹوں میں آنے والی خواتین جیب کتری خواتین گروہ کا ہدف بن گئیں۔
خواتین عید کی خریداری ضرور کریں، مگر ہوشیاری سے کیونکہ کراچی کے بازاروں میں جرائم پیشہ خواتین نے پنجے گاڑھ لئے ہیں۔ طارق روڈ پر گارمنٹس کی دکان میں ہونے والی چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
ایک خاتون کندھے پر بیگ لٹکائے بچے کو سنبھال رہی ہے جس کے برابر میں دو جیب کتری خواتین جگہ بناتی ہیں۔ دکاندار کو باتوں میں لگا کر مہارت سے بیگ کی زپ کھولتی ہے، اسی دوران دوسری ملزمہ پیچھے کی جانب کھڑی ہو گئی۔
سوٹ دیکھنے کے بہانے بیگ سے رقم نکال کر دوسری خاتون کو دی جاتی ہے جو فوراً دکان سے رفو چکر ہو گئی۔ جبکہ ماہر چور خریدار کا روپ دھارے باآسانی فرار ہو جاتی ہے۔ بے چاری خاتون رقم اور بیگ میں موجود قیمتی اشیا سے محروم ہو گئی لیکن آخر تک پتہ نہیں چل سکا کہ چور کون تھی؟