اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری سے بدسلوکی کرنے والے پولیس افسران اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں مسترد کر دیں۔ سابق آئی جی سمیت پانچ کو جیل بھیج دیا گیا۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے قرار دیا کہ سابق چیف کمشنر اسلام آباد خالد پرویز، سابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد چودھری محمد علی، سابق آئی جی اسلام آباد افتخار احمد، ایس ایس پی اسلام آباد کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایس ایس پی جمیل ہاشمی، ڈی ایس پی رخسار مہدی اور ریٹائرڈ کانسٹیبل سراج احمد کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔ فیصلے کے بعد پولیس کے چاروں سابق اور موجودہ پولیس افسروں اور ایک اہلکار کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ٹرائل کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری سے بدسلوکی پر سابق چیف کمشنر اسلام آباد خالد پرویز اور سابق ڈپٹی کمشنر چودھری محمد علی کو عدالت برخاست ہونے تک کی سزا دی تھی۔
سابق آئی جی اسلام آباد افتخار احمد کو پندرہ روز، ایس ایس پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ایس ایس پی جمیل ہاشمی ، ڈی ایس پی رخسار مہدی اور ریٹائرڈ کانسٹیبل سراج احمد کو ایک ایک ماہ کی سزا سنائی تھی۔