لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سابق ایم این اے اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت 6 افراد پر مقدمہ درج کرانے والی عائشہ احد کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ پولیس نے مدعیہ کی سکیورٹی کے پیشِ نظر واقعہ سے متعلقہ بیان ان کے گھر میں ہی ریکارڈ کیا۔ عائشہ احد نے مقدمے کے نامزد ملزموں کی عدم گرفتاری پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن سٹی سید کرار حسین کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم مدعیہ عائشہ احد کے گھر پہنچی جہاں 3 گھنٹوں کے سوال جواب کے دوران ان کا بیان قلمبند کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عائشہ احد نے قانونی پیش رفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بااثر اور طاقتور ملزموں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس کی طرف سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
عائشہ احد کا کہنا تھا کہ ملزموں کی گرفتاریوں کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پولیس ملزموں کی گرفتاری کے حوالے سے مجھے معلومات فراہم نہیں کر رہی۔
انہوں نے چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حکم پر ہی مقدمہ درج ہوا اور انہی کے حکم پر سیکیورٹی فراہم کی گئی، امید ہے کہ انصاف بھی ملے گا۔