گجرات: (دنیا نیوز) گجرات کے علاقے جلالپور جٹاں میں شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں لگنے والی آگ نے باپ، بیٹا اور گھریلو ملازمہ کی جان لے لی۔
گجرات میں محلہ اقبال کالونی جلالپور جٹاں کے رہائشی امجد اقبال اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سو رہے تھے کہ اچانک رات کو کمرے میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی زد میں آکر امجد اقبال اس کا بیٹا وجیہہ حیدر، اہلیہ اور گھریلو ملازمہ مریم بری طرح جھلس گئے۔ جنہیں فوری طور پر برن یونٹ عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امجد اقبال اس کا بیٹا وجیہہ حیدر اور گھریلو ملازمہ مریم زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ امجد کی اہلیہ کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کی وجہ سے گھر میں لگی سیلنگ ان کے اوپر آ گری۔