گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایم این اے کے کزن اور اسسٹنٹ کمشنر کے سگے بھائی کا محنت کش کو الٹا لٹکا کر تشدد، درندگی کی بدترین مثال قائم کر دی۔ بااثر ملزم منت سماجت کرنے والے مغوی محنت کش پر ڈنڈے برساتا رہا، محنت کش کو اجرت مانگنے پر سزا دی گئی۔
حال ہی میں ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ایم این اے رانا عمر نذیر کے کزن رانا شفیق کا اپنے ڈیرے پر کام کرنے والے محنت کش امجد کو الٹا لٹکا کر بدترین تشدد، دنیا نیوز نے فوٹیج حاصل کر لی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا شفیق نے محنت کش کے پاؤں رسی سے باندھ کر اسے پائپ پر الٹا لٹکایا ہوا ہے اور رسی اپنے ساتھی کے ہاتھ میں دے رکھی ہے۔
ملزم دو گھنٹے تک محنت کش کو الٹا لٹکا کر ڈنڈے برساتا رہا، جس سے اس کے ہاتھ پاؤں سوجھ گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ امجد گزشتہ 8 ماہ سے رانا شفیق کے ڈیرے پر کام کر رہا ہے، جس نے اجرت کا مطالبہ کیا تو اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزم اسسٹنٹ کمشنر رانا جمیل کا سگا بھائی ہے۔
دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی، سی پی او گوجرانوالہ نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس پی سول لائنز، ڈی ایس پی کینٹ اور ایس ایچ او کینٹ پر مشتمل ٹیم تشکل دے دی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے دنیا نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ اشفاق خان سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔