ماہ جون میں شہر قائد پر سٹریٹ کرمنلز کا راج رہا

Last Updated On 09 July,2018 09:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں جون کا مہینہ سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کمی کا پیغام نہ لاسکا، شہریوں کو 3 ہزار موبائلز، 23 سو موٹر سائیکلوں اور 105 کاروں سے محروم کردیا گیا۔ شہر میں ایک مرتبہ پھر بھتہ خور بھی متحرک دکھائی دیے۔ ماہ جون میں بھتے کی 8 شکایات موصول ہوئیں۔

سال کا گرم مہینہ ماہ جون سٹریٹ کرائم کے حوالے سے بھی گرم رہا۔ سٹریٹ کرمنلز شہر کی سڑکوں، گلیوں میں شہریوں کو لوٹتے رہے۔ سی پی ایل سی کے مطابق شہر چوری، ڈکیتی اور بھتہ خوری کی وارداتوں کے نشانے پر رہا۔ پولیس کو جون کے مہینے میں بھتے کی 8 شکایات موصول ہوئیں، شہریوں سے ماہ جون میں 3 ہزار کے قریب موبائل فون چھینے اور چوری کیے گئے۔ سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق جون میں 105 کاریں، 2 ہزار 573 موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔ جن میں سے اے سی ایل سی نے 57 کاریں اور 468 موٹرسائیکلیں ریکور کیں۔ ڈکیتی مزاحمت اور دیگر پر تشدد واقعات میں ماہ جون کے دوران شہر قائد میں 29 افراد کو قتل کیا گیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر افراد جرائم کی رپورٹ درج نہیں کراتے جس کی وجہ سے جرائم کے اصل اعدادوشمارسامنے نہیں آتے۔