حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے میں آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں زوردار دھماکا، کارخانے کی عمارت گرنے اور آگ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ خاتون بری طرح جھلس گئی۔
حیدرآباد کے علاقے اسلام آباد کی گلی نمبر 5 میں زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں آتش بازی کا سامان بنانے کے کارخانے کو شدید نقصان پہنچا۔ عمارت گرنے اور آگ لگ جانے کے نتیجے میں 7 سالہ بچہ علی رضا جھلس کر دم توڑ گیا جبکہ 35 سالہ خاتون نسرین بری طرح جھلس گئی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی حیدرآباد زاہدہ پروین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ سلیم نامی شخص کے گھر میں ہوا، جس نے بالائی منزل پر آتش بازی کا سامان بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا۔ دھماکہ سے سلیم کی اہلیہ نسرین شدید زخمی اور بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔ سلیم دھماکہ کے بعد سے فرار ہے، جس پر پہلے بھی مقدمہ درج ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسی علاقے سے متصل ٹنڈو میر محمود میں دھماکے سے منہدم ہونے والی 2 منزلہ عمارت کے واقعہ میں بھی سلیم ہی ملوث تھا۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سلیم و دیگر مقامی پولیس کی سرپرستی میں آتش بازی کا سامان بنا کر بیچتے ہیں۔ پولیس کو شکایات کیں ہیں لیکن کسی بھی قسم کا کوئی ازالہ نہیں ہوا۔