سکھر: (دنیا نیوز) بیوٹی پارلر میں خفیہ کیمروں کا معاملہ، انکشاف کے بعد سکھر میں بیوٹی پارلرز پر خواتین کا عدم اعتماد کا اظہار، اس طرح کے جرائم پیشہ عناصر کے ہوتے ہوئے کسی باپردہ خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں ہے۔
سکھر کے مشن روڈ پر قائم بیوٹی پارلر کے متعلق ہونے والے انکشاف کے بعد سکھر میں خواتین عدم تحفظ کی شکار ہونے لگیں۔ خواتین کی جانب سے بیوٹی پارلرز کو غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں گھر والے باہر جانے کی مشکل سے اجازت دیتے تھے اب پارلر جو محفوظ جگہ تصور کی جاتی تھی وہ بھی غیر محفوظ ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیوٹی پارلر کے واش روم سے خفیہ کیمرے برآمد، ملزم گرفتار
ایک پارلر مالک کی نازیبا حرکات کے باعث دیگر پارلرز پر بھی برے اثرات مرتب ہونے لگے ہیں اور کئی روزگار کرنے والی خواتین کی روزی داؤ پر لگ گئی ہے۔ خواتین نے مطالبہ کردیا ہے کہ پارلرز کو بند کرنے کے بجائے انتظامیہ بیوٹی پارلرز کے اوپر کڑی نظر رکھے تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ رونما نہ ہوسکے۔
پولیس نے بیوٹی پارلر واقعے کہ مرکزی ملزم کو آج عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ شہریوں کی جانب سے ملزم کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔