مظفرگڑھ : (دنیا نیوز) مظفرگڑھ کے نواحی علاقہ کوٹلہ گانموں میں اراضی تنازع پر میاں بیوی کو آگ لگا دی گئی، آگ لگنے سے دونوں کا جسم تقریباً 50فیصد تک جھلس گیا ہے۔
جتوئی کے نواحی علاقہ کوٹلہ گانموں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، میاں بیوی کا اپنے قریبی رشتے داروں سے ایک کینال اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کے بڑے بھائی نے اپنے بہنوئی کو ایک کینال اراضی فروخت کی، چھوٹا بھائی اراضی فروخت کرنے کے حق میں نہ تھا۔ آج انکا بہنوئی جگہ پر قبضہ کرنے آیا تو مزاحت پر واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی نے خود کو آگ لگائی، دونوں میاں بیوی کو اسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ہسپتال شہر سلطان منتقل کیا گیا ۔ تشویشناک حالت کے باعث دونوں کو نشتر ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔تھانہ شہرسلطان پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کردی۔ متاثرہ خاتون کی بہن نے الزام عائد کیا کہ انکی بہن نے خود آگ نہیں لگائی بلکہ اسکی نند نے آگ لگا کر قتل کی کوشش کی ہے جبکہ متاثرہ شخص کے بڑے بھائی نے بھی بہن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا انکی بہن نے پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔