کراچی: (دنیا نیوز) دونوں اپنے اپنی والدہ کے ہمراہ ایریزونا گرل اور چنکی منکی ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے گئے، گھر واپس پہنچے تو حالت غیر ہو گئی، ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
کراچی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نجی ہوٹل کا زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں بچے اور ان کی والدہ ایریزونا گرل اور چنکی منکی نامی ہوٹلز میں کھانا کھانے گئے تھے، جاں بحق ہونے والے بچوں میں ڈیڑھ سالہ احمد اور پانچ سالہ محمد شامل ہیں۔
پولیس نے واقعہ کے بعد دونوں ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا ہے، پولیس کی تفتیشی ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج سے فیملی کے آنے جانے کا وقت چیک کر رہی ہے۔
کراچی پولیس چیف نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہےجس کے سربراہ ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ ہوں گے۔ کمیٹی میں ایس ایس پی طارق دھاریجو اور اے ایس پی کلفٹن بھی شامل ہوں گے، کمیٹی تین دن میں رپورٹ دے گی۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر فورڈ اتھارٹی نے وزیرِاعلیٰ سندھ کو ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کلفٹن کے ریسٹورنٹ سے 12 فوڈ سمپلز جمع کیے، ریسٹورنٹ کو کچھ دن پہلے امپرومنٹ کا نوٹس بھی دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متاثرہ خاندان ڈیفنس کے ایک پارک بھی گیا تھا، پارک کی دکانوں سے سمپلز بھی جمع کیے گئے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے تمام ریسٹورنٹس کو چیک کرنے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی کو صبح خاتون کے ماموں اور دیور ہسپتال لے کر آئے، خاتون چند روز قبل بچوں کے ساتھ سسرال آئی تھی۔
تفتیشی حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کے اپنے گھر کی مرمت کا کام چل رہا ہے، خاتوں کے شوہر کا لاہور میں کنسٹرکشن کا کام ہے، متاثرہ فیملی کے گھر کا بھی انویسٹی گیشن ٹیم نے معائنہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گھر کے اندر بھی کھانے کی بیشتر چیزیں موجود تھیں، گھر میں اور فریج میں موجود اشیا کے بھی نمونے لے گئے ہیں جبکہ متاثرہ خاتون کے شوہر، ماموں اور دیور سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے، گھر میں خاندان کے پانچ افراد موجود ہیں اور ان تمام کے بیان لیے گئے ہیں۔