لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ سول لائنز میں دن دیہاڑے مبینہ ڈکیتی کی واردات ہوئی، ڈاکو منی چینجر ملازمین سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی لے اڑے۔
پولیس کے مطابق واردات لارنس روڈ پر ٹریفک اشارے کے قریب ہوئی جہاں منی چینجر نعیم کے ملازمین فیصل اور ایاز 31 لاکھ روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی اور 71 ہزار پاؤنڈ لے کر کیری ڈبے میں جا رہے تھے کہ تعاقب کرتے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک کر کرنسی چھین لی۔
ڈاکوؤں نے گاڑی پر فائرنگ بھی کی تاہم اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کر لئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ بظاہر مشکوک لگتا ہے تاہم سی آئی اے پولیس مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔