لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے اور پولیس اہلکاروں کے مابین جھگڑے کی انکوائری میں قصوروار ثابت ہونے والے 3 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
مقدمہ ایس ایچ او غالب مارکیٹ ریحان جمال کی مدعیت میں کانسٹیبل ندیم اقبال، عثمان مشتاق اور عثمان سعید کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق تینوں ملزم تھانہ غالب مارکیٹ کے محافظ اسکواڈ میں تعینات تھے جو دوران ڈیوٹی جوڑوں کی ویڈیوز بنا کر پیسے بٹورتے تھے۔
ملزموں نے شہری علی مصطفی اور فضہ جمیل کی بھی ویڈیو بنا کر دو ہزار روپے رشوت وصول کی تاہم 50 ہزار روپے مزید رشوت کی طلبی پر دونوں فریقین میں جھگڑا ہو گیا تھا۔
متاثرہ جوڑے نے میاں محمود الرشید کے صاحبزادے حسن محمود اور دیگر ساتھیوں کو موقع پر بلا لیا ۔جس پر اہلکاروں نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزموں کے موبائل فونز سے مختلف جوڑوں کی ویڈیوز برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ تینوں ملزموں کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔