لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ میں قتل ہونے والی بچی عائشہ کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی، رپورٹ کے مطابق عائشہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
لوہاری کے رہائشی 9 سالہ عائشہ کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، میڈیکل رپورٹ نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر دی۔ لوہاری گیٹ کی رہائشی 9 سالہ بچی عائشہ کو چند روز قبل میو ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی اور معاملہ مشکوک ہونے پر پولیس کو بھی اطلاع کی۔ گزشتہ رات میڈیکل رپورٹ میں عائشہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر دی گئی۔
دنیا نیوز نے عائشہ کی میڈیکل رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق عائشہ کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد اور خراشوں کے نشانات ہیں، عائشہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ عائشہ کی والدہ فردوس بی بی عمرے پر گئی ہوئی ہیں، جنہیں اطلاع کی جاچکی ہے۔
عائشہ کے والدین میں ڈیڑھ سال قبل طلاق ہوئی، والدہ اپنے میکے بچوں کے ساتھ رہ رہی تھی، پولیس نے عائشہ کے والد طارق کے بیان پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ جبکہ پولیس نے عائشہ کے سگے ماموں سمیت 3 افراد حراست میں لے رکھا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔