لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے سال 2018 کی کارکردگی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ رواں سال پولیس کے آپریشنز ونگ نے سنگین جرائم میں مطلوب 79 ہزار 89 ملزموں کو گرفتار کیا۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہنا تھا گذشتہ سال کی نسبت کار چوری کی وارداتوں میں 28 فیصد کمی ہوئی، کار چھیننے کی وارداتوں میں 33 فیصد، ڈکیتی کی وارداتوں میں 12 فیصد کمی آئی۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ڈکیتی و راہزنی میں ملوث 987 گروہوں کے 2 ہزار 348 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، ملزموں کے قبضہ سے 15 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی، ملزموں کی تفتیش کے دوران 2 ہزار 418 مقدمات ٹریس کئے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 ہزار 290 ملزم گرفتار کئے گئے، ملزموں کے قبضہ سے46 کلاشنکوف،342 رائفلیں،249 بندوقیں، 4 ہزار 566 پستول برآمد کیا گیا جبکہ 5 کار بین،35 خنجر اور ہزاروں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران شہر بھر سے 7 ہزار 205 منشیات فروش گرفتار کیئے گئے۔ ملزموں کے قبضہ سے کروڑوں مالیت کی 49 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کی گئی جس میں 2 ہزار ایک کلوگرام چرس،69 کلوگرام افیون اورشراب کی 87 ہزار 938 بوتلیں برآمد کی گئیں۔اس کے علاوہ قمار بازوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 5 ہزار 862 سٹے باز گرفتار کئے گئے، منشیات فروشوں کے خلاف ایک ہزار 122 مقدمات درج کیئے گئے جبکہ 54 لاکھ سے زائد نقدی برآمد ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ قحبہ خانوں کے خلاف کریک داؤن کے دوران 2 ہزار 118 ملزم گرفتار اور 552 مقدمات درج کیئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ کیٹیگری اے کے 295، کیٹیگری بی کے 2 ہزار 7 اشتہاری مجرم گرفتار کئے گئے، پولیس نے شہر بھر سے 10 ہزار 692 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے۔
دوسری جانب ایک ہزار 470 ون ویلرز، 2 ہزار 763 پتنگ باز بھی گرفتار کئے گئے جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث475، گداگری ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 653 ملزم گرفتار ہوئے۔ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی شہر بھر سے 6 ہزار 493 ملزموں کو گرفتار کیا گی اور فارنرز ایکٹ کی خلاف ورزی پر 15، میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر 45 ملزم گرفتار ہوئے۔