کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی میں سی ٹی ڈی نے سابق متحدہ سیکٹر انچارج رئیس ماما کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر لیا جبکہ رینجرز کی کارروائی میں لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کیا گیا جس پر 25 مقدمات درج تھے۔
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کورنگی میں کاونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے ایم کیوایم کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج رئیس ماما کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم مزمل عرف ہلکا بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی سمیت قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ 2001 میں متحدہ یونٹ 74 کا کارکن رہنے والا ملزم سیکٹر انچاج کے کہنے پر اعجاز شاہ نامی شخص کو قتل کر چکا ہے۔
رینجرز نے لیاری علی محمد محلے میں ایکشن کرتے ہوئے گینگ وار غفار ذکری گروپ کا انتہائی مطلوب ملزم شہزاد عرف فیضو دادا کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا اور دیگر جرائم میں ملوث تھا۔ ملزم پر 25 مقدمات درج اور سر کی قیمت 3 لاکھ روپے تھی۔
سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائیوں میں قتل کیسز میں ملوث 3 ملزمان کو دھر لیا، پہلے بھی گرفتار ہونے والے ملزمان شاہ رخ اور توقیر نے قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔ ادھر شرافی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، چار ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔