گوادر: (دنیا نیوز) نیب بلوچستان نے گوادر میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ اور فروخت کرنے کے الزام میں دو سابق تحصیلدار، سابق نائب تحصیلدار اور پٹواری کو گرفتار کر لیا۔
قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ مال کے افسران کی جانب سے گوادر میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے ریکارڈ کو ٹیمپر کر کے فروخت کرنے کے انکشاف پر سابق تحصیلدار گوادر محمد جان بلوچ، محمد جان جمالدینی، سابق نائب تحصیلدار گوادر آغا ظفر حسین اور پٹواری عبدالحفیظ کو گرفتار کرلیا ۔
افسران کے خلاف جاری سرکاری اراضی کرپشن کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آنے پر ڈی جی نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جس پر نیب کی انٹیلی جینس ٹیموں نے انہیں مختلف علاقوں سے گرفتار کر کے مزید ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت میں پیش کر دیا ہے۔