کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں امن دشمن عناصر کی کارروائیوں میں تیزی، سیاسی کارکن نشانے پر، سخی حسن چورنگی پر گاڑی پر فائرنگ، پی ایس پی رہنما عبدالحبیب خلجی جاں بحق، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 7، تیس بور کے 2 خول مل گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔
کراچی میں ایک اور سیاسی رہنما کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ سخی حسن چورنگی پر پیش آیا۔ مسلح موٹر سائیکل سوار نے وی ایٹ پراڈو میں سوار پی ایس پی کے رہنما عبد الحبیب خلجی پر گولیاں برسا دیں۔
زخمی عبدالحبیب ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔ جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے سات، تیس بور کے دو خول تحویل میں لے کر فارنزک کیلئے بھجوا دیے گے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پی ایس اپی رہنما آصف حسنین بھی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ عباسی شہید ہسپتال پہنچے اور قاتلوں کی گرفتاری کا فوری مطالبہ کر دیا۔ مقتول عام انتخابات میں پی ایس ایک سو بائیس سے امیدوار تھے جبکہ وہ ذاتی پراپرٹی کے کام سے منسلک تھے۔ ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔