گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں 13 سالہ بچے کا پولیس ملازم کے بیٹے کو پتنگ اڑانے سے منع کرنا جرم ہو گیا۔ باوردی پولیس کانسٹیبل ندیم نے حماد کو نہ صرف سرعام تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ برہنہ کر کے گلیوں میں گھماتا رہا، سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آ گئی۔
خواتین اور اہل محلہ بچے کو معاف کرنے کی منت کرتے رہے مگرپولیس ملازم کو رحم نہ آیا ۔ سی سی ٹی ویڈیومیں بچے کو مارتے اور برہنہ کھینچ کرگھماتے دیکھاجاسکتاہے۔ میڈیکل و درخواست کے باوجود تھانہ سول لائن کا ایس ایچ او اپنے پیٹی بند بھائی کے خلاف کارروائی سے انکاری ہو گیا۔ کانسٹیبل مذکورہ تھانہ ہی میں تعینات ہے۔
اہل علاقہ نے اس انسانیت سوز حرکت پر پولیس کانسٹیبل کے خلاف احتجاج اور بچے کے اہل خانہ نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔