گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ق کا رہنما اور ذاتی محافظ قاتلانہ حملہ میں جاں بحق ہو گئے۔ سی پی او نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ق لیگی رہنما مہر کاشف صدیق چند روز قبل تحریک انصاف چھوڑ کر ق لیگ میں شامل ہوئے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مہر عامر نے آج واپڈا ٹاؤن میں گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے مہر کاشف شدید زخمی جبکہ انہیں بچانے کی کوشش میں سیکیورٹی گارڈ ارشد جاں بحق ہو گیا۔
زخمی کاشف مہر کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے تشویشناک حالت کے پیش نظر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
انہیں پانچ گولیاں لگیں جس میں ایک گولی سر پر بھی لگی تھی۔ مہر کاشف چند روز قبل تحریک انصاف چھوڑ کر ق لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ مہر کاشف پیپلز پارٹی کے سٹی صدر خالد ہمائیوں قتل کیس میں سولہ سال جیل رہے اور وہ دو سال قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے۔
سی پی او ڈاکٹر معین مسعود نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ہدایات جاری کی ہیں کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔