گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ ریجن کے چھ اضلاع میں سال دو ہزار اٹھارہ کے دوران 650 سے زائد مرد، خواتین اور بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ 2 ہزار سے زائد ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری کروڑوں روپے کے مال وزر سے محروم ہو گئے۔
سال دو ہزار اٹھارہ کے دوران گوجرانوالہ ریجن کے چھ اضلاع میں ڈکیتی، دیرینہ دشمنی اور معمولی تنازعات پر چھ سو پچاس سے زائد افراد کو قتل کیا گیا جبکہ ریجن بھر میں سٹریٹ کرائم، لڑائی جھگڑے اور دیگر جرائم کی 53 ہزار وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
سٹریٹ کرائم کو روکنے کے لئے ڈولفن فورس بھی ناکام رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ پولیس پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں لیکن کرائم کی شرخ میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 2018ء کے دوران 16 ہزار سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کیا، سترہ پولیس مقابلوں میں 10 خطرناک ملزمان بھی مارے گئے۔ انٹرپول کے ذریعے 42 خطرناک اشتہاری کو بھی گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا۔