خیبرپختونخوا میں مصنوعی مہنگائی سے عوام کی کھال اتارنے والے دکانداروں کی شامت آ گئی

Last Updated On 06 May,2019 03:21 pm

پشاور: (دنیا نیوز) رمضان کے دوران خیبرپختونخوا میں مہنگائی کر کے عوام کی کھال اتارنے والے گراں فروشوں کی شامت آ گئی، کے پی فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ شکایات سیل بھی قائم کر دیئے گئے، شہری کہتے ہیں اعلانات سے نہیں، مسائل عملی اقدامات سے حل ہوں گے۔

پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد سمیت صوبے کے سات اضلاع میں رمضان کے دوران غیر معیاری اشیاء خورونوش کی فروخت اور روک تھام کے لئے خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے خصوصی اقدامات کر لئے۔ فیلڈ وزٹس کے ساتھ ساتھ دفاتر میں شکایات سیل بھی قائم کئے جائیں گے۔ شکایات سیل کے لئے خصوصی نمبر جاری کیے جائیں گے جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیول کا نمائندہ عوام کی خدمت کے لئے چوبیس گھنٹے حاضر رہے گا۔

مہنگائی اور ملاوٹ شدہ اشیاء خورونوش کی فروخت سے تنگ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت صرف اعلانات تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ عملی اقدامات نہ ہونے سے جہاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں غیر معیاری اشیاء سے بیماریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔

کے پی فوڈ اتھارٹی کے مطابق شکایت درج کرانے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا جبکہ صرف دو گھنٹوں میں شکایت پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے رمضان سے پہلے بڑے بڑے اعلانات تو کر دیئے جاتے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے سے عوام غیر معیاری اشیاء خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔