اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں کی چین سمگلنگ میں ملوث ایک اور گروہ کوگرفتار کرلیا۔ ملزمان تبدیلی مذہب کے جعلی سرٹیفکیٹ بنا کر پاکستانی لڑکیوں سے شادیاں کرتے اور چین لے جا کر جسم فروشی پر مجبور کرتے تھے۔
گرفتار ہونے والوں میں 3 چینی باشندے جبکہ 4 پاکستانی شامل ہیں۔ پاکستانی لڑکیوں صائمہ اور صباء جہانگیر سے شادیاں کرنے والے 2 چینی باشندوں گیانگ دا اور فیوسنگ بو کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق پاکستانی لڑکیوں کے اعضاء نکال کر بیچے جانے کی بھی شکایات ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے پاکستانی لڑکیوں کی چین سمگلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ معاملے کو حکومتی اور سفارتی سطح پر بھی اٹھایا جائے۔