پشاور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔ پلان کے مطابق 3 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق حساس مقامات پر 4 بکتر بند گاڑیاں موجود ہیں جبکہ 30 پولیس موبائل ٹیمیں تعینات ہوں گی۔ نئے سکیورٹی پلان کے مطابق 763 مساجد کی سکیورٹی الرٹ ہو گی۔ 1813 پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دینگے۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ 30 اسپیشل رائیڈرز سکواڈز ہمہ وقت گشت کریں گے۔ مساجد، گنجان آباد بازار اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ سحر اور افطار کے اوقات میں 20 اسپیشل موبائل سکواڈز بھی گشت کریں گے۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ خواتین بازاروں میں روزانہ خواتین پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گی جبکہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کیے جائینگے۔