کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد پڑوسی ملک سے ٹریننگ کر آئے۔
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ مذہبی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث پانچ کارندوں کو ملیر پولیس نے گرفتار کیا۔ 6 ساتھیوں کو کچھ عرصے قبل سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزموں کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔ ملزم سعید عمران حیدر نے متعدد افراد کی ریکی کی جو مارے گئے۔۔ ملزموں کا کام مخصوص فرقہ کے نوجوانوں کو اپنے گروپ میں شامل کرنا بھی تھا۔
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے مزید بتايا کہ پڑوسی ملک اس گروہ کو اسلحہ، گاڑی اور پیسہ فراہم کرتا ہے۔ یومیہ 40 ہزار ایک فرد کو دیا جارہا تھا۔ گروہ 50 افراد کو قتل کر چکا ہے۔
ڈی آئی جی ايسٹ نے کہا کہ گرفتار لوگوں کےنام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ کئی لوگ گرفتاری سے بچنے کے لیے خود سے روپوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ لاپتہ افراد پر احتجاج کرنے والوں کو حقائق سے آگاہ کیا گیا ہے۔