احترام رمضان: پھانسیوں پر عمل درآمد روک دیا گیا

Last Updated On 07 May,2019 04:35 pm

راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) رمضان المبارک کے احترام میں ملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا گیا جبکہ ملزموں کے رشتہ داروں نے مقتول خاندانوں سے راضی نامہ کی کوششیں تیز کر دیں۔

فیصلے کے مطابق یکم رمضان سے عیدالفطر کی چھٹیوں تک ملک کی کسی بھی جیل میں کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی جائے گی۔ صدر مملکت بھی اس عرصے کے دوران کسی مجرم کی رحم کی اپیل پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کریں گے۔

فیصلے کے بعد رمضان کے آغاز اور عید الفطر کی وجہ سے ملزموں کے رشتہ داروں نے مقتول خاندانوں سے راضی نامہ کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں۔

اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سزائے موت کے 289 مجرم قید ہیں جن میں 12 خواتین مجرم بھی شامل ہیں جن کی سزاﺅں کیخلاف اپیلیں ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں جبکہ 18 رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس ہیں۔