کراچی: پولیس کارروائیوں میں لیاری گینگ وار کارندوں سمیت 5 ملزمان گرفتار

Last Updated On 28 May,2019 09:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا، بلوچ پل کے قریب ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

کراچی کے علاقے پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں زین، زاکر اور فہیم عرف بونا شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے 2 پستول اور ایک ہواوان بم برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزم زین پولیس اہلکار کے قتل میں بھی نامزد ہے، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار شیرا گروپ سے بتایا گیا ہے۔

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے دوران پٹرولنگ دو ملزم گرفتار کر لیے۔ ملزمان سے دو پسٹل اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گرفتار ملزم بلال اور دانش سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ناظم آباد کے علاقے میں سحری کے وقت شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں ملزم شہباز کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

دوسری جانب میٹھادر کے رہائشی شخص نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو سول ہسپتال منتقل کرلیا گیا جبکہ متوفی کی شناخت صلاح الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر بلوچ کالونی پل پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئیں، جاں بحق شخص کی شناخت ندیم ولد نذیر احمد اور شہزاد ولد مختیار احمد کے نام سے ہوئی۔