کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں شہری سڑکوں پر محفوظ نہ ہی گھروں میں۔ عید سے قبل مختلف علاقوں سے واردتوں سے شہری مال و زر سے محروم ہو گئے۔ نارتھ ناظم آباد میں گھر کے باہر سے شہری لٹ گئے، بہادرآباد میں آفس کے باہر بھی واردات، بلدیہ مدینہ کالونی میں تاجر لٹ گیا۔ گلستان جوہر میں میڈیکل سینٹر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔
دنیا نیوز کے مطابق شہر قائد میں عید سے قبل لٹیرے سرگرم ہو گئے۔ نارتھ ناظم آباد میں شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا، متاثرہ شخص کار پارک کر کے دوست سے بات چیت کر رہا تھا، دو کم عمرمسلح ملزمان نے سیکنڈوں میں لوٹ مار کی اور موٹر سائیکل پر رفو چکر ہوگئے۔۔
دوسری طرف بہادرآباد میں ڈرپوک سیکیورٹی گارڈ ملازم کو لے ڈوبا۔ ملازم کیش لیکر آفس میں داخل ہو رہا تھا۔ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان آئے۔ ملازم سے کیش چھینا۔ گرنے پر ایک ملزم زمین سے نوٹ جمع کرتا رہا۔ ناتجربہ کارسیکیورٹی گارڈ ڈاکوؤں کو دیکھ کراندر بھاگ گیا۔ موقع ملنے کے باوجود مسلح گارڈ نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔
ادھربلدیہ مدینہ کالونی میں بینک سے پیسے لیکر نکلنے والا تاجر لٹ گیا۔ تاجرعارف عطاری بینک سے 90 ہزار روپے لیکر نکلا تھا۔ ملزمان واردات کے بعد اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دریں اثناء گلستان جوہر میں افطار کے وقت ڈاکو میڈیکل سینٹر میں گھس گئے۔ خاتون سمیت چار ملزمان نے وہاں موجود افراد سے لوٹ مار کی۔
دنیا نیوز کے مطابق ملزمان نے گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا۔ میڈیکل سینٹر انتظامیہ کے مطابق فوری اطلاع دینے کے باوجود پولیس ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچی۔