لاہور: (دنیا نیوز) گلوکار علی ظفر کے پانچ گواہان پر گلوکارہ میشا شفیع کے وکلا کی جرح مکمل ہو گئی۔ گواہان نے میشا شفیع کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ سیشن عدالت نے دیگر گواہان پر جرح مکمل کرنے کے لیے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
ایڈیشنل سیشن امجد علی شاہ نے گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف دائر ہرجانہ کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار گلوکار علی ظفر کے گواہان نے دوران جرح کہا کہ وہ گانے کی ریہرسل کے دوران موجود تھے، وہاں میشا شفیع کے ساتھ ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، الزامات بے بنیاد ہیں۔
آج دو خواتین سمیت علی ظفر کے پانچ گواہان کے بیانات پر جرح مکمل ہوگئی جبکہ دیگر چار گواہان پر جرح کیلئے عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
گواہان نے عدالت کو بتایا کہ میشا شفیع نے جھوٹی شہرت کے لیے سوشل میڈیا اور میڈیا پر جنسی ہراساں کرنے کی خبریں چلائیں۔ سٹوڈیو میں علی ظفر کی بیوی بھی آئی۔ علی ظفر کو خود میشا شفیع گلے ملیں اور جاتے ہوئے بھی اسی انداز میں خدا حافظ کیا۔
خیال رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر گانے کی ریہرسل کے دوران ہراساں کرنے کا الزام لگایا جس پر علی ظفر نے اس کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا۔
گواہان نے میشا شفیع کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ مزید کارروائی کل دس بجے تک موخر کی گئی ہے۔